Time & Date

Ticker

6/recent/ticker-posts

علم فرائض کی جدید کاری

 دینی علوم میں *علم فرائض* کی اہمیت و افادیت مسلم ہے،انسانی زندگی کو موت لازم ہے اور موت کے بعد انسان کے چھوڑے ہوئے مال ومتاع کی تقسیم بھی ناگزیر ہے،ایسے میں ہر مسلمان پر واجب ہے کہ وہ مرنے والے کے ترکہ سے اپنے اور دوسروں کا حق وحصہ جانے تاکہ نہ خود کسی ظلم وحق تلفی کا شکار ہو نہ کسی کے ساتھ زیادتی کرے.

کتاب وسنت اس علم کی عظمت وفضیلت پر شاہد اور ارشادات علما وائمہ اس کی اہمیت وافادیت پر ناطق ہیں.مگر یہ نہایت ہی افسوس ناک پہلو ہے کہ جو علم اتنی عظمت کا حامل ہے اور سماج میں جس کی روزانہ ضرورت پڑتی ہے دینی مدارس کے نصاب تعلیم میں اس فن کی بس ایک کتاب " *سراجی* "داخل ہے، وہ بھی مکمل نہیں پڑھائی جاتی ہے، پھر اس کا اسلوب بھی نہایت قدیم، معانی گہرے، مفاہیم پیچیدہ اورمطالب مغلق ہیں،ضرورت تھی کہ اسی کتاب کو تسہیل وتلخیص کے ساتھ جدید طرز میں ایڈٹ کرکے شائع کیا جاتا، مجلس برکات سے اس پر کام ہوا مگر حاشیہ کی طوالت و تفصیل فہم مطالب میں مخل وممل ہے، اس فن کی بہت ساری مختصر ومفصل کتابیں نظر سے گزریں، الحمدللہ کئی سال سے طلبہ وطالبات کو علم فرائض پڑھانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، میرے خیال میں اب اس فن کے جدیدکاری کی ضرورت ہے، جدید اصول ریاضی کی روشنی میں اس کے مسائل کے فہم و تفہیم کی شدید حاجت محسوس ہورہی ہے، ورنہ اس فن کی دقت وخشکی کے پیش نظر بعید نہیں کہ طلبہ اس سے بے زار ہوجائیں اور آنے والے دنوں میں اس فن کے جانکار تلاشنے سے بھی نہ ملیں، جس طرح سے علم جفر، اور ہیئت وتوقیت کے ساتھ ہوا.

زیر نظر کتاب اسی فکر کو سامنے رکھ کر لکھی گئی ایک اچھی کتاب ہے، مطالعہ کے بعد اندازہ ہوا کہ عزیز القدر مولانا شکیل احمد صاحب نے واقعی بڑی دقت نظر اور تلاش و تحقیق کے بعد اس کو مرتب کیا ہے، عصری تقاضوں کا خیال بھی رکھا ہے اور تسہیل وتفہیم کے لئے تمثیل وتشریح کا حق بھی ادا کیا ہے.

مولانا موصوف عہد طالب علمی ہی سے نئی منزلوں کے متلاشی اور دشوار ترین گزرگاہوں پر سیر وسلوک کے عادی ہیں، کتاب دیکھ بے حد مسرت ہوئی کہ جس فن سے طلبہ دور بھاگتے ہیں اسی فن کو مولانا نے نہ صرف سمجھا بلکہ سمجھانے کی کوشش بھی کی ہے، اللہ تعالیٰ قبول فرمائے اور دارین کی سعادتوں سے بہرہ ور فرمائے.


 *کمال احمد علیمی نظامی* 

دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی

١٣ رجب ١٤٤٣/ ١٥ فروری ٢٠٢٢

Post a Comment

0 Comments