*دو نمایاں شخصیات سے ملاقات*
کل ممبئی میں ١٨ رمضان المبارک کی افطاری میں جماعت اہل سنت کی دو نمایاں شخصیات سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا،ایک تو معین المشائخ ،شہزادہ شہید راہ مدینہ، حضرت علامہ *سید محمد معین الدین اشرف* "معین میاں" اشرفی الجیلانی سجادہ نشین خانقاہ اشرفیہ کچھوچھہ شریف،دوسری محافظ ناموس رسالت حضرت *سعید نوری صاحب* رضا اکیڈمی ممبئی کی ذات ہے، اول الذکر ذات محتاج تعارف نہیں،مہاراشٹر بالخصوص ممبئی اور ہندوستان کے دیگر حصوں میں آپ ایک پیر کی حیثیت سے کم ایک مخلص قائد و رہنما کی حیثیت سے زیادہ متعارف ہیں، آپ کے اندر ملت کا درد،قوم کی خیر خواہی اور اسلامیان ہند کے فوز وفلاح کی للک صاف محسوس کی جاسکتی ہے،کافی دیر تک موجودہ حالات اور ان کے تدارک کے تئیں گفتگو ہوتی رہی،نظر وفکر کے ساتھ میدان عمل میں اترنے کے تعلق سے بات ہوئی،میں نے حضرت کو جماعت اہل سنت کے مدارس، مکاتب،خانقاہوں کی حفاظت وصیانت کے حوالے سے مرغ بسمل کی طرح تڑپتے ہوئے دیکھا،اللہ تعالیٰ آپ کو سلامت رکھے.
دوسری ذات جن سے مختصر ملاقات ہوئی، وہ محافظ ناموس رسالت،عطاے مفتی اعظم ہند حضرت سعید نوری صاحب ہیں، کل ہی آپ کی تحریک پر عالمی سطح پر "یوم درود" منایا گیا، اللہ تعالیٰ قبول فرمائے.
حضرت نوری صاحب اس عمر میں بھی نوجوانوں کی طرح کام کرتے ہیں، بزرگوں سے سچی عقیدت اور عشق رسالت میں بے چین رہتے ہیں، ایک مضطرب روح ہے جو پورے ہندوستان میں ان کی ذات کو لیے پھرتی ہے، جہاں ناموس رسالت یا مسلمانوں کی عزت ووقار پر حملہ ہوتا ہے سب سے پہلے یہ مرد قلندر سینہ سپر رہتا ہے،اس وقت آپ کی جدوجہد سے رضا اکیڈمی ایک عالمی سطح کی تنظیم بن چکی ہے، جس کی سرپرستی اکابر اہل سنت بالخصوص حضرت معین المشائخ فرما رہے ہیں.
رب العالمین ان دونوں شخصیات کی حفاظت وصیانت فرمائے،ان کی خدمات کو قبول فرمائے، سعادت دارین سے بہرہ ور فرمائے.
*کمال احمد علیمی نظامی*
دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی
نزیل حال ممبئی
١٩ رمضان المبارک ١٤٤٣/ ٢١ اپریل ٢٠٢٣

0 Comments
اپنی راے دیں یا اپنا سوال بھیجیں