Time & Date

Ticker

6/recent/ticker-posts

منفرد المثال ہستی

 *عالم اسلام کی منفرد المثال ہستی* 

کچھ لوگ اتنے بڑے بن جاتے ہیں کہ انہیں بڑے بڑے لوگ بھی چھوٹے نظر آتے ہیں جب کہ کچھ لوگ بڑے ہوکر بھی اتنے چھوٹے بن جاتے ہیں کہ راستے کے تنکے بھی ان کی نگاہ میں بڑے نظر آتے ہیں.

ہمارے ممدوح مکرم، ذوالمجد والکرم ،صاحب جاہ وحشم، مخدوم معظم حضرت علامہ *سید صابر حسین شاہ بخاری* ضلع اٹک پنجاب پاکستان کا شمار دوسری قسم کی شخصیات میں ہوتا ہے، عزت و افتخار کے ساتویں آسمان پر ہونے کے باوجود ایسے متواضع ہیں کہ ہم جیسے "خس وخاشاک" بھی ان کی نگاہ کرم میں بہت بڑے دکھائی دیتے ہیں.


کشادہ دست کرم جب وہ بے نیاز کرے 


نیاز مند نہ کیوں عاجزی پہ ناز کرے 

 اسی عاجزی وخورد نوازی کے سبب آج پوری دنیا میں آپ کو عزت وتکریم سے یاد کیا جاتا ہے اور کیوں نہ ہو کہ فرمان مصطفی علیہ التحیۃ والثناء جو ہے:

"من تواضع للہ رفعہ اللہ" 


مرتبہ آج بھی زمانے میں 


پیار سے عاجزی سے ملتا ہے 


کہتے ہیں کہ دل میں محبت ہو تو مسافتیں سمٹ جاتی ہیں، سرحدیں ٹوٹ جاتی ہیں، دوریاں ختم ہو جاتی ہیں، ہمارے ممدوح گرامی کی محبت وشفقت بھی کچھ اسی طرح سے ہے، لگتا ہی نہیں کہ آپ ہم سے اتنی دوری پر رہتے ہیں اور ہمارے درمیان ایک سرحد بھی حائل ہے، اللہ تعالیٰ آپ کو سلامت رکھے.

آپ کی ہمہ جہت شخصیت کے جس گوشے پر نظر ڈالیے آپ منفرد نظر آتے ہیں، تقریر وتدریس تو نہیں دیکھا، مگر تحریر دیکھنے کا شرف ملا ہے، زبان وبیان دیکھیے تو صاحب طرز ادیب لگتے ہیں، تحریر میں اخلاص کی خوشبو کے ساتھ حددرجہ شیرینی بھی پائی جاتی ہے،کسی کی حوصلہ افزائی فرماتے ہیں تو خوب فرماتے ہیں، ناچیز کی ناقص تحریریں اکثر پڑھ کر حوصلہ افزائی میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھتے ہیں.

محب مکرم مولانا کلام ازھر کے توسط سے آپ سے رابطہ ہوا،اکثر اپنی قیمتی دعاؤں میں یاد فرماتے ہیں، سہ ماہی ضیاے علیم کے ایک شمارے پر آپ نے تفصیلی تاثر سے نوازا تھا جسے ہمارے قارئین نے بے حد پسند بھی کیا تھا.

رضویات سے خصوصی شغف رکھتے ہیں،ناچیز کی کتاب "امام احمد رضا اور اسرائیلیات" چھپ کر آئی تو اس میں آپ نے گراں قدر تاثر رقم فرماکر ناچیز کی حوصلہ افزائی فرمائی، سطر سطر سے عشق رضا کی عطر بیزی لائق دید ہے،تاثر کا ایک اقتباس آپ بھی ملاحظہ فرمائیں :

"دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی یو پی کے فاضل مدرس حضرت علامہ مولانا کمال احمد علیمی نظامی صاحب زید مجدہ نے اس حوالے سےاپنی کمر کسی اور بریلی شریف کے علم و قلم کے کوہ ہمالیہ کو سر کرنے کی کوشش فرمائی۔ آپ نے تحقیقات رضا کی روشنی میں کتب تفاسیر میں اسرائیلی روایات کا نہایت عالمانہ اور محققانہ جائزہ لیا اور اسے"امام احمد رضا اور اسرائیلی روایات" کے عنوان سے کتابی صورت میں سامنے لایا۔اللھم زد فزد۔۔ یقیناً یہ رضویات کے باب میں ایک گراں قدر اضافہ ہے ‌۔اس کے صفحہ صفحہ اور سطر سطر سے فاضل مصنف کی محنت وتحقیق ظاہر وباہر ہے۔ محبی غلام سید علی علیمی نظامی نے اس پر نہایت معلومات افزاء "تقدیم"رقم فرمائی ہے جس سے اس کتاب کی اہمیت وافادیت اظہر من الشمس ہے۔ رضویات کے حوالے سے اس نہایت اہم کتاب کی اشاعت کی سعادت محبی مخلصی مولانا بشارت علی صدیقی اشرفی حیدر آبادی زید مجدہ کے حصے میں آئی ہے۔ آپ نے حسب روایت اس کتاب کو بھی اپنے ادارے"اشرفیہ اسلامک فاؤنڈیشن حیدر آباد دکن کے زیر اہتمام شائع فرمایا ہے۔ رضویات کے حوالے سے یہ معرکۃ الآرا کتاب لکھنے پر فاضل مصنف اور اس کے ناشر دونوں دنیائے اہل سنت کی جانب سے مبارک باد اور ہدیہ تبریک کے مستحق ہیں" 

مصنف قانون شریعت حضرت قاضی احمد شمس الدین صاحب علیہ الرحمہ کی حیات وخدمات پر مشتمل" جہان شمس العلما" کی اشاعت کو لے آپ نے حد درجہ اعانت فرمائی اور اس عظیم الشان کام کی تکمیل کے لئے ہمیں مہمیز بھی کرتے رہے، الحمد للہ کتاب آخری مرحلے میں ہے، جلد ہی اشاعت پذیر ہوگی.

اب تک آپ کی کوئی مستقل تصنیف یا تالیف نظر سے نہیں گزری، ہاں "امیرالمجاھدین "نمبر باصرہ نواز ہوا، قلیل مدت میں اتنا بڑا کام آپ کی علمی کرامت ہے،اس ضخیم نمبر میں پوری دنیا بالخصوص ہندوپاک کے ارباب لوح وقلم کی گراں قدر تحریریں شامل ہیں جن سے ممدوح مکرم کے وسیع تعلقات کا اندازہ ہوتا ہے. 

اللہ تعالیٰ حضور والا کا سایہ کرم ہم سب پر دراز فرمائے اور آپ کا ابر کرم ہم عصیاں شعاروں کی سوکھی کھیتوں پر یوں ہی برستا ہے. 

دوجہاں میں خادم آل رسول اللہ کر 

حضرت آل رسول مقتدی کے واسطے 

العبد المذنب *:کمال احمد علیمی نظامی* جامعہ علیمیہ جمدا شاہی بستی یوپی انڈیا

Post a Comment

0 Comments