Time & Date

Ticker

6/recent/ticker-posts

زہے وہ پھول

 *زہے وہ پھول جو گلشن بنائے صحرا کو* 

 _کمال احمد علیمی نظامی_ 


١٩جون ٢٠٢٢ کو سعداللہ نگر ضلع بلرام پور کے علاقے میں ایک عرس کی تقریب میں شرکت کے لئے جانا ہوا، عزیز القدر حضرت مولانا مفتی *عبدالسلام* علیمی صاحب کو اطلاع ملی تو انہوں نے فون کیا اور بتایا کہ جامعہ ام الخیر میں ناشر خیر وبرکت، معمار قوم وملت، نشان عظمت ورفعت، جامع علم وحکمت حضرت علامہ *محمد رفیع نوری* صاحب دامت برکاتھم بانی جامعہ ہذا کا حکم ہے کہ آپ ادارے میں حاضر ہوں،قلت وقت کے باوجود حاضر ہوا ، حضرت نوری صاحب قبلہ اور ادارے اساتذہ کو منتظر پایا، ادارے کا نام تو بہت سنا تھا مگر دیکھنے کا اتفاق پہلی بار ہوا، ادارے کی تعلیمی وتعمیری ترقی دیکھ بے حد خوشی محسوس ہوئی، حضرت قبلہ نوری صاحب دامت برکاتھم نے ادارے کی زیارت کروائی، مختلف شعبہ جات، درس گاہوں، مطبخ، مہمان خانہ،لائبریری، میٹنگ روم وغیرہ دیکھ احساس ہوا کہ واقعی قلیل مدت میں حضرت اور اراکین ادارہ نے صحرا میں پھول کھلانے کا کام کیا ہے،یہ اراکین ادارہ اور اساتذہ و معلمات جامعہ کی مخلصانہ جد وجہد کے ساتھ حضرت نوری صاحب قبلہ کے طویل تدریسی و تبلیغی تجربے کا کرشمہ تھا کہ وہاں کے ہر گل بوٹے سے یہی صدا آرہی تھی. 

زفرق تا بہ قدم ہر کجا کہ می نگرم

کرشمہ دامن دل می کشد کہ جاایں جاست

وہاں پر تعلیم کے ساتھ تربیت اور پردے کے حسن انتظام نے سب سے زیادہ متاثر کیا،تعلیم نسواں کے ساتھ تربیت نسواں بے حد ضروری امر ہے کہ یہی بچیوں کی تعلیم کا مقصد اصلی بھی ہے،اس پہلو پر خصوصی توجہ دے کر حضرت نے عصر حاضر کے تقاضوں کے ساتھ شرعی تقاضوں کا بھی بھرپور خیال فرمایا ہے.

یہ ادارہ معصوم پور، سعداللہ نگر میں چندردیپ گھاٹ کے راستے پر واقع ہے، چار لائق معلمین،سولہ باصلاحیت معلمات یہاں کی بچیوں کو زیور علم وعمل سے آراستہ کرنے میں مصروف ہیں، دو نگراں اور چار ملازمین طالبات علوم نبویہ کی شب ورز خدمت میں مشغول ہیں، *٢٧٠٠٠ستائیس ہزار اسکوائر فٹ* پر پھیلا ہوا علم دین کا یہ وہ عظیم قلعہ ہے جس کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ اس ادارے نے اپنا بچپن نہیں دیکھا ، پیدا ہوتے ہی اپنے شباب تک پہنچ گیا. 

بروقت تقریباً *پینتیس مقامی طالبات کے ساتھ *٤١٠ چار سو دس اقامتی طالبات* اس مرغزار علم کی تتلیاں بن کر اپنی منزل کی تلاش کے لئے کوشاں ہیں، اللہ تعالیٰ ان کی پرواز سلامت رکھے.

درس نظامی کی عمومی تعلیم کے ساتھ باذوق طالبات کو رموز افتا سے آشنا کرنے کے لیے متبحر مفتیان عظام کی نگرانی میں *"تخصص فی الفقہ* " کا شعبہ بھی قائم ہے جو اس ادارے کو امتیازی شان عطا کرتا ہے.

حضرت نوری صاحب قبلہ کی صدارت و سرپرستی میں اس ادارے کی تعلیمی و تعمیری ترقی لائق فخر وباعث مسرت بھی ہے اور دیگر نسواں اداروں کے لئے قابل تقلید بھی ہے، کاش اس ادارے کو دیکھ کر ہماری قوم کے دل میں یہ احساس پیدا ہو جاتا کہ ہر شہر، گاؤں ، محلے اور گلی کوچوں میں نسواں ادارہ قائم کرنے کے بجائے اس طرح کے معیاری اور مرکزی اداروں کا تعاون کرکے مضبوط سے مضبوط تر بناتے تو یہ بات امت مسلمہ کے حق میں زیادہ مفید ہوتی.

میں حضرت نوری صاحب قبلہ، اساتذہ ،معلمات ،اراکین، معاونین اور ملازمین و ملازمات سب کو ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں، رب قدیر سب کی خدمات قبول فرمائے اور سب کو عمر دراز عطا فرماکر اخلاص کے ساتھ خدمت علم مصطفی (علیہ التحیۃ والثنا) کی توفیق بخشے.


 *کمال احمد علیمی نظامی* 

دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی

یکم ذوالحجہ ١٤٤٣ھ/ یکم جولائی ٢٠٢٢ء بروز جمعہ








Post a Comment

0 Comments