اتحاد میں اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے،زندگی ہے، طاقت ہے،ہمدردی ہے، خیر خواہی ہے، جب کہ اختلاف میں نحوست ہے، ضعف ہے، عداوت ہے، بدخواہی ہے.
اتحاد کے بغیر کسی بھی قوم کی کامیابی ناممکن ہے،
سیاست، تجارت، اقتصاد، معیشت حتی کی مذہب وملت کی فلاح وبہبود کا راز صرف اور صرف اتحاد میں مضمر ہے، مگر یہ وقت کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ آج امت مسلمہ مذہب وملت کی تعمیر وترقی کے لئے بلند بانگ دعوے تو کرتی ہے مگر جس چیز پر قوم کے فوز وفلاح کی بنیاد رکھی ہے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں، آج عمائدین ملت بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے ضرور بناتے ہیں مگر بات جب اتحاد کی آتی ہے تو پھر بیچ میں انانیت ونفسانیت آڑے آجاتی ہے.
آج یہ بات جگ ظاہر ہے کہ تقریباً نناوے فی صد مدارس ومساجد اور خانقاہیں انتشار کا شکار ہیں، ظاہر ہے "چوں کفر برخیزد از کعبہ کجا ماند مسلمانی".
موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے دل میں یہ احساس راسخ ہوتا جا رہا ہے کہ اہل اسلام نے اس بات پر اتفاق کرلیا ہے کہ اب کبھی بھی اتفاق نہیں کریں گے، اللہ تعالیٰ رحم فرمائے.
علماے دین، ائمہ مساجد اور ارباب سجادہ کی باتیں بے اثر ثابت ہو رہی ہیں،ان کی باتوں کا قوم پر کوئی اثر نہیں دکھ رہا ہے، ایسے میں ضرورت تھی کہ اپنی بات نہ کہہ کر اللہ ورسول کی باتیں لوگوں کے سامنے پیش کی جائیں، لعل اللہ یحدث بعد ذالک امرا.
زیر نظر کتاب محب مکرم حضرت مولانا توحید احمد علیمی لیبی کی کدوکاوش کا خوش گوار نتیجہ ہے، اس میں اتحاد کے موضوع پر چالیس احادیث کریمہ پیش کر کے سنجیدگی کے ساتھ دعوت اتحاد دی گئی ہے.
آغاز کتاب میں مرتب کتاب کا شان دار مقدمہ ہے جو خود ایک مستقل رسالہ ہے، جس میں کتاب اور اسوہ اسلاف ملت کی روشنی میں اتحاد کی اہمیت، اس کے اسباب ودواعی اور اختلاف کے نقصانات کو واضح لفظوں میں بیان کیا گیا ہے.
مولانا المکرم ایک نہ تھکنے والے قلم کار ہیں، مسلسل لکھتے رہتے ہیں، ان کا ہر آنے والا دن کچھ نیا لے کر آتا ہے، اللہ تعالیٰ آپ کی اس کاوش کو قبول فرمائے.
کمال احمد علیمی نظامی
دارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی یوپی
١٧ ذوالحجہ ١٤٤٣/ ١٧ جولائی ٢٠٢٢

0 Comments
اپنی راے دیں یا اپنا سوال بھیجیں